نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) ہندوستان نے اسرائیل اور ایران کے درمیان گزشتہ رات کی پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں فریقوں سے اپیل کی کہ وہ تحمل سے کام لیں اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل تلاش کریں۔ وزارت خارجہ نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہم ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ پیش رفت سے کافی فکر مند ہیں۔ ہم جوہری مقامات پر حملوں سے متعلق رپورٹوں سمیت ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان دونوں فریقوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کسی بھی کشیدگی سے گریز کریں۔ بات چیت اور سفارت کاری کے موجودہ ذرائع کو صورتحال کو کم کرنے اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ۔ ہندوستان کے دونوں ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں ہمارے مشن ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
خطے میں تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ احتیاط برتیں، محفوظ رہیں اور مقامی سیکورٹی کے مشوروں پر عمل کریں۔’’