ہندوستان کا آج سیمی فائنل میں تھائی لینڈ سے مقابلہ

   

سلہٹ ۔ خواتین کے ایشیا کپ میں ہندوستان کا اب تک کا سفر ہموار رہا ہے اور امید ہے کہ ٹیم جمعرات کو یہاں سیمی فائنل میں کمزور تھائی لینڈ کی ٹیم سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک اور زبردست جیت درج کرے گی۔ان دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ انتہائی یکطرفہ رہا جس میں ہندوستان نے تھائی لینڈ کو 15.1 اوور میں صرف 37 رنز پر ڈھیر کر دیا اور پھر اس لیگ مرحلے کے میچ میں آسان فتح درج کرائی۔تھائی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف گزشتہ میچ سے بہتر بیٹنگ کرنا چاہے گی۔ ٹیم نے میزبان اور دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی بار ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔نارومول چائی وائی کی ٹیم یہ ثابت کرنے کی امید کرے گی کہ ٹورنمنٹ کے لیے کوالیفائی کرنا کوئی اتفاق کی بات نہیں ہے۔ہندوستان کو اس ٹورنمنٹ کے ذریعہ اپنی بینچ کی طاقت کو جانچنے کا ایک بہترین موقع ملا ہے اور ٹیم کے کم تجربہ کار کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ میں اگلے سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل کافی میچ کھیلنے کا وقت ملا ہے۔اس حکمت عملی کے تحت ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے چھ میں سے صرف تین لیگ میچ کھیلے اور پاکستان کے خلاف ہندوستان کی واحد شکست کے دوران ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئیں۔ فنشر کا کردار ادا کرنے کے لیے کسی کھلاڑی کی تلاش میں ہندوستان نے جارحانہ بیٹر کرن پربھو نوگیرے اور ڈیلن ہیملتا کو آزمایا۔کرن جنہوں نے مئی میں خواتین کے ٹی 20چیلنج میں تیز ترین نصف سنچری اسکور کی تھی لیکن وہ یہاں تین اننگز میں صرف 10 رنز ہی بنا سکی جبکہ زیادہ تجربہ کار ہیملتا کے پاس بھی چار اننگز میں 45 رنز ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا ہندوستان تجربات جاری رکھتا ہے یا فائنل کی تیاری کے لیے اپنی مضبوط ترین ٹیمکو میدان میں اتارتا ہے۔دیپتی شرما، اسنیہ رانا اور راجیشوری گائیکواڈ کی اسپن تینوں ٹیم پورے ٹورنمنٹ میں مخالف بیٹرس کو روکنے میں کامیاب رہی۔تھائی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کو چیلنج کرنے کے لیے اپنے تین ٹاپ کھلاڑیوں ناناپٹ کونچاروئنکی، ناتھاکن چنتھم اور کپتان چائی وائی پر انحصار کرے گی۔ تینوں نے ٹورنمنٹ میں کافی رنز بنائے ہیں لیکن ہندوستان کی نظم و ضبط والیبولنگ کے سامنے ان کا راستہ آسان نہیں ہوگا۔