لندن کے نہرو سنٹر میں منعقدہ اجلاس سے ریاستی وزیر آئی ٹی کا خطاب
حیدرآباد /20 مئی ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ سارے ملک کیلئے رول ماڈل میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ برطانیہ کے دورے کے موقع پر جمعہ کو لندن کے ہائی کمیشن آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کااظہار کیا ۔ اس موقع پر ہندوستان اور برطانیہ کے اہم صنعتکار اور دوسرے موجود تھے ۔ ڈپٹی ہائی کمشنر سوجیت جوئے گھوش اور نہرو سنٹر کے ڈائرکٹر رمیش ترپاٹھی نے اس کا اہتمام کیا تھا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا سے مقابلہ کرنے اور آگے بڑھنے انقلابی انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک کی آبادی بڑھاپے کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ دوسری طرف ہندوستان کی آبادی میں سب سے زیادہ نوجوانوں کی طاقت کی بنیاد پر ایک سرفہرست ملک بننے کا موقع فراہم ہو رہا ہے ۔ حکومتی اصلاحات ، سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ تو دوسری طرف بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔ اسی جذبہ سے ریاست تلنگانہ آگے بڑھ رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے موقع پر جو بحرانی صورتحال تھی اس کو عبور کرتے ہوئے تلنگانہ کو سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ اس کی اہم وجہ انتظامی اصلاحات ہے ۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی اور فلاحی اسکیمات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن کالیشورم پراجکٹ تعمیرکیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی صرف تلنگانہ تک محدود نہیں رہے گی ۔ یہ ملک کی ترقی میں بھی شمار ہوگی ۔ جس کو دنیا کے سامنے واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ این آر آئیز سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک کی ان کامیابیوں کو دنیا تک پہونچانے کی کوشش کریں۔ ن