نئی دہلی : مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹکنالوجی (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آج دنیا ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں ہندوستان کو مساوی ساجھیدار کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج دنیا کے سب سے با اثر سربراہ مملکت ہیں اور ہر دوسرا سربراہ مملکت ان کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ ایک معروف قومی جریدے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ‘‘اب ہمارا زیادہ تر ممالک کے ساتھ تعاون ہے ۔ روس اور امریکہ کے ساتھ تعاون کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم اب کم تر ساجھیدار نہیں ہیں۔ اب ہم برابر کے ساجھیدار ہیں اور کئی لحاظ سے مساوی ہیں۔ مثال کے طور پر خلائی شعبے میں ہم امریکہ اور روس کو اپنی خدمات دے رہے ہیں ۔ اس شعبے میں ہم پہلے ہی 170 ملین ڈالر اور 250 ملین یورو سے زیادہ کما چکے ہیں۔ اب ہم 8 بلین ڈالر (66,000 کروڑ روپے ) کا خلائی کاروبار کرتے ہیں۔ لیکن جس رفتار سے ہم ترقی کر رہے ہیں، ہندوستان سال 2040 تک 3 بلین ڈالر (3.3 لاکھ کروڑ روپے ) تک کا کاروبار تک پہنچ سکتا ہے ، جبکہ ایک حالیہ بین الاقوامی رپورٹ ‘‘ اے ڈی ایل رپورٹ’’ میں کہا گیا ہے کہ ہم 100 بلین ڈالر تک بھی جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر میں اب پوری ترقی بڑی حد تک ٹکنالوجی پر مبنی ہوگی اور یہ اس حقیقت سے واضح ہے کہ وزیر اعظم مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران زیادہ تر دوطرفہ معاہدے سائنس اور جدیدترین ٹکنالوجی پر مبنی تھے ۔