نئی دہلی، 16 جولائی (آئی اے این ایس) ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین کا افتتاح 17 جولائی کو وزیر اعظم نریندر مودی ہریانہ کے جند سے کریں گے۔ یہ تاریخی منصوبہ ملک میں صاف، ماحول دوست اور جدید ریلوے نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعہ ہندوستان ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی ریل گاڑوں والے منتخب ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔یہ جدید ٹرین مکمل طور پر ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس سے نہ دھواں خارج ہوتا ہے اور نہ ہی کاربن کا اخراج ہوتا ہے۔ اس کا واحد اخراج پانی کے بخارات ہیں، جس کے باعث اسے ماحول دوست، پائیدار اور مستقبل کی ٹرانسپورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ جند اور سونی پت کے درمیان چلنے والی یہ ہائیڈروجن ٹرین ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے، جسے ملک میں سبز توانائی کے فروغ اور صاف سفری نظام کے آغاز کی اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔ دس کوچز پر مشتمل اس ٹرین میں 1200کلو واٹ صلاحیت کا ہائیڈروجن فیول سیل پروپلشن سسٹم نصب کیا گیا ہے، جبکہ 3200 ہارس پاور کے ساتھ اسے دنیا کی طاقتور ترین ہائیڈروجن ٹرین قرار دیا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ آتم نربھر بھارت مشن کے تحت مکمل طور پر مقامی سطح پر تیارکیاگیا ہے، جبکہ جند میں ہائیڈروجن ذخیرہ کرنے اور ری فیولنگ کا بنیادی ڈھانچہ بھی مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے قائم کیا گیا ہے۔