ہندوستان کے آئندہ کوچ کیلئے درخواستیں مطلوب

   

نئی دہلی ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے آج ٹیم کے ہیڈ کوچ کے تقرر کیلئے اہل امیدواروں سے درخواست طلب کی ہے جس میں بنیادی شرائط کے طور پر ہدایت دی گئی ہیکہ امیدوار کی نہ صرف 60 سال سے عمر کم ہونی چاہئے بلکہ اسے دو سالہ بین الاقوامی تجربہ بھی ہونا چاہئے۔ بی سی سی آئی ورلڈ کپ کے بعد اپنی ٹیم کے عملہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرچکا ہے جس کے تحت اب وہ ہیڈکوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور فزیو کے علاوہ دیگر عملہ کا انتخاب بھی کرنا چاہتا ہے جس کیلئے امیدواروں سے جو درخواست طلب کی گئی ہے اس کیلئے آخری تاریخ 30 جولائی شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری کو جولائی 2017ء میں ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کے بیان کے بموجب ٹیم کا موجودہ کوچنگ عملہ خودبخود تقررات کے عمل کیلئے اہل ہوگا۔ تاہم انہیں تازہ درخواست دینی ہوگی۔ بی سی سی آئی نے واضح کردیا ہیکہ ہیڈکوچ کیلئے درخواست گذار کا ٹسٹ کھیلنے والے ملک سے تعلق ہونے کے علاوہ کم سے کم 30 ٹسٹ اور 50 ونڈے مقابلوں کا بھی تجربہ ہونا چاہئے۔ روی شاستری کی عمر فی الحال 57 برس ہے اور انہیں ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی حمایت بھی حاصل ہے لہٰذا ان کے دوبارہ کوچ بننے میں زیادہ رکاوٹیں موجود نہیں ہیں۔