ہندوستان کے عمان اور امارات سے دوستانہ مقابلے

   

نئی دہلی : ہندوستانی فٹبال ٹیم آئندہ ماہ عمان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف دو بین الاقوامی دوستانہ مقابلے کھیلے گی۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ ہندوستانی ہاکی ٹیم 25 مارچ کو عمان کے خلاف اور 29 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف مقابلوں میں شرکت کرے گی اور یہ دونوں ہی مقابلے دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہیکہ ہندوستانی ٹیم نے اپنا آخری بین الاقوامی مقابلہ نومبر 2019ء میں کھیلا تھا اور یہ مقابلہ 2022ء فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر مقابلہ تھا جوکہ افغانستان کے خلاف تاجکستان میں کھیلا گیا تھا اور اسی کی ایک کڑی کا مقابلہ مسقط میں عمان کے خلاف کھیلا گیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے تاحال پانچ مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے 3 نشانات حاصل کئے ہیں۔ کوالیفائر مرحلہ میں ہندوستان کو ایشین چمپئنس قطر اور افغانستان کے خلاف اپنی سرزمین پر مقابلے کھیلنے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف اسے بیرونی سرزمین پر مقابلہ کھیلنا ہے۔ عمان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف منعقد شدنی ان مقابلوں کیلئے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کا 15 مارچ کو کیمپ شروع ہوگا۔ یہ کیمپ بھی دبئی میں منعقد ہوگا جس کی سرپرستی کوچ آئیگور اسٹیماک کریں گے۔
علاوہ ازیں خاتون ہندوستانی فٹبال ٹیم ترکی کا دورہ کرے گی جہاں انہیں سربیا، روس اور یوکرین کے خلاف مقابلے کھیلنے ہیں۔