نئی دہلی، 18 ستمبر (پی ٹی آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ ٹیم میں موجود غیرمعمولی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کو جلد ہی ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں 300 رنزکا ہندسہ عبورکرلینا چاہیے۔ ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کا سب سے بڑا اسکور297 رنز ہے، جو اس نے2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔ اسی سال ٹی20 ورلڈ کپ کی موجودہ چمپئن ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر283 رنز بنائے تھے۔ جمعرات کو یہاں افغانستان کے خلاف آخری ٹی20 میچ میں ابھیشیک شرما کی 30 گیندوں میں سنچری کے بارے میں سوال کیے جانے پرگمبھیر نے 300 رنز کا ہندسہ عبور کرنے کی امیدکا اظہارکیا۔گمبھیر نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم میں موجود خاص صلاحیتوں اور جارحانہ انداز میں کھیلنے والے بیٹرس کو دیکھتے ہوئے300 سے زائد رنز بنانا مشکل ہدف نہیں ہونا چاہیے اور ٹیم کو بڑے اسکور قائم کرنے کی سمت میں آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ہندوستان جلد ہی 300 رنز کا ہندسہ عبور کرلے گا ۔