ممبئی : ارشد وارثی کی پیدائش ایک مسلم گھرانے میں 19 اپریل 1968 کو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام احمد علی خان تھا۔ ارشد 14 برس کی عمر میں یتیم ہوگئے تھے اور انہیں کم عمری میں ہی جدوجہد بھری زندگی کا آغاز کرنا پڑا۔ ارشد وارثی نے ابتدائی تعلیم ناسک کے بورڈ نگ اسکول سے حاصل کی لیکن گھر کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں تعلیم دسویں کلاس تک ہی محدود کرنا پڑی۔ مالی بحران کی وجہ سے ارشد کو بہت جلد 17 سال کی عمر میں ایک سیلز مین کے طور کام کرنا پڑا۔ وہ گھر گھر جاکر کاسمیٹک کا سامان فروخت کرتے تھے۔ ارشد کی بالی ووڈ میں شروعات کافی جدوجہد بھری رہی۔ انہیں ہندی سنیما میں اداکاری کرنے کا پہلا موقع امیتابھ بچن کی کمپنی کی فلم تیرے میرے سپنے سے ملا ۔ کافی جدوجہد کے بعد وہ راجو ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس سے بالی ووڈ میں شناخت بنانے میں کامیاب ہوسکے ۔ اس فلم میں انہوں نے سرکٹ کا کردار ادا کیا تھا جو شائقین فلم بینوں کیا آج بھی یاد ہے ۔ اس فلم میں وہ سنجے دت کے قریبی دوست کے طورپر نظر آئے ۔ اس فلم میں سرکٹ کے رول کو بہت پسند کیا گیا ۔