ہندی فلموں کے ویلن مہیش آنند کی مشتبہ موت

   

ہندی فلموں کے مشہور ویلن مہیش آنند کی نعش 9 فروری کو ان کے فلیٹ واقع ورسوا اندھیری ممبئی سے مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی پولیس کے مطابق نعش مسخ شدہ حالت میں پائی گئی، لیکن پولیس کو وہاں سے کوئی خودکشی کا نوٹ نہیں ملا۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے کوپر ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ کروادیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ 57 سالہ مہیش آنند کی موت دو دن قبل ہوئی ہوگی۔ واضح رہے کہ مہیش آنند نے 90 کے دہے کی کئی بڑی فلموں میں نگیٹیو کردار کئے تھے، جن میں شہنشاہ، طوفان، تری دیو، وشواتما، وجیتا، مجبور، کندن، سورگ، قلی نمبر ون قابل ذکر ہیں۔ وہ آخری مرتبہ گویندا اسٹار پہلاج نہلانی کی فلم ’’رنگیلا راجہ‘‘ میں دیکھے گئے جو پچھلے دنوں ریلیز ہوئی۔ انہوں نے امیتابھ بچن، دھرمیندر، سنجے دت، سنی دیول، جیکی شراف جیسے اداکاروں کے مقابل کئی بڑی فلموں میں کام کیا تھا۔ مہیش آنند نے سال 2000 میں اوشا بچانی سے شادی کی تھی لیکن 2002 میں ان سے علحیدگی ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے فلیٹ میں کافی عرصہ سے تنہا رہتے تھے اور بہت دنوں سے بے روزگار بھی تھے۔