ہند۔سعودی عرب اقتصادی شراکت کا استحکام ،حکمت عملی پر تبادلہ خیال

,

   

ریاض: سعودی انڈین کمیٹی برائے سیاسی و سلامتی و ثقافتی و سماجی امور کا اجلاس اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوا ہے۔اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ہندوستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کی۔ اجلاس میں وزارتی کمیٹی کے ماتحت ذیلی کمیٹیوں کی میٹنگوں میں ہونے والی بات چیت کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں سیاسی، سلامتی، ثقافتی و سماجی امور کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں نیز ویژن 2030 اور فریقین کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کے تناظر میں دونوں دوست ملکوں کی اقتصادی شراکت کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے سعودی انڈین اسٹراٹیجک شراکت کونسل کی جانب سے قائم وزارتی کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے پر دستخط کیے۔ سعودی وفد میں سیکریٹری خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی، ہندوستان میں متعین سعودی سفیر صالح الحصینی جبکہ ہندوستانی وفد میں سیکریٹری خارجہ برائے قونصلیٹ و تارکین امور ڈاکٹر اوصاف سعید اور ڈپٹی سیکریٹری امور شریک تھے۔