ہند۔پاک مقابلہ بارش کی نذر ہوا توکروڑہا روپیوں کا نقصان ہوگا

   

اولڈٹریفورڈ۔15 جون(سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ ہند۔پاک مقابلہ بھی اگر بارش کی نذر ہو گیا تو اس سے مختلف غیر ملکی نشریاتی اداروں اور اسپانسرز کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنے پڑے گا۔ ورلڈ کپ کے چار میچز بارش کی نذر ہونے کے بعد ہند۔پاک میچ کے بھی بارش سے متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کے ساتھ میچ سے منسلک دیگر لوگ بھی میچ کے مکمل ہوجانے کے لیے پر امید ہیں۔ اس سے قبل بارش کی نذر ہونے والے میچز میں نیوزی لینڈ بمقابلہ ہندوستان، سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش، سری لنکا بمقابلہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز بمقابلہ جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ تجارتی نقطہ نظر سے دیکھا جائے توپاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچ کی منسوخی کے بعد بڑے بڑے غیر ملکی اسپانسرز کے پیسے ڈوبنے کے خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔روایتی حریف پاک ہندوستان مقابلہ دنیا بھر میں ایونٹ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ تصورکیا جا رہا ہے جس میں 40 بڑی اشتہاری کمپنیوں کا بھاری پیسہ لگا ہوا ہے، ان کمپنیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کا یہ نادرموقع ہے۔ ورلڈ کپ میچز نشرکرنے والے سرکاری نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس کی ہی بات کریں تو دوسرے میچز کے مقابلے میں مانچسٹرکے اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والا ہند۔پاک اہم ترین مقابلہ چینل کو بے پناہ مالی فوائد سے ہمکنار کرے گا۔ واضح رہے کہ برطانوی محکمہ موسمیات نے 16 جون کو مانچسٹر میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے، اگر اس میچ پر بارش کا پانی پھر گیا تو سارے مالی فوائد پر بھی پانی پھر جائے گا۔