ہند۔ امریکہ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر زور

,

   

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ایس جے شنکر سے ملاقات‘کئی اہم امور پر تبادلۂ خیال

ممبئی ۔20؍اکتوبر ( ایجنسیز)ہندوستان کے دورے پر ممبئی پہنچے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کو ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے توانائی سلامتی، دفاعی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات کے بعد دونوں قائدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کی تفصیلات شیئر کیں۔ ایس جے شنکر نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع اور عوام کے درمیان باہمی روابط پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ علاقائی صورت حال پر بھی خیالات کا تبادلہ ہوا۔روبیو نے اس ملاقات کو اہم اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی میں ہندوستانی وزیر خارجہ کے ساتھ توانائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے بھی ملاقات کو اہم قرار دیا۔اس سے قبل ہندوستان کی وزارت خارجہ نے روبیو کی ممبئی آمد کا خیرمقدم کیا۔ وزارت نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ دورہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔روبیو کے ساتھ ان کی اہلیہ جینیٹ اور ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور بھی موجود ہیں۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو وسعت دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔