ہند۔ عرب تعلقات کو فروغ دینے میں جابر پٹیل مرحوم کا سرگرم رول

   

مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے کا بھرپور خراج عقیدت ۔ غمزدہ افراد خاندان سے ملاقات اور پرسہ
حیدرآباد 19 مارچ ( پریس نوٹ ) انڈو عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن کے ذریعہ ہند عرب تعلقات کو فروغ دینے اور ان ممالک کے درمیان معاشی ، تہذیبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت جناب شبیر حسین جابر پٹیل کی بے وقت موت نے جہاں عرب دنیا اور مشرقی وسطی کے ساتھ دنیا کے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کو بھی افسردہ اور غمگین کردیا ہے وہیں ہندوستان اور ہندوستان سے باہر ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد اب بھی ان کی خوشگوار یادوں میں ان کے ساتھ گزارے یادگار لمحات کے ساتھ اشکبار ہے ۔ جابر پٹیل انتہائی خوش اخلاق ، ملنسار اور خلوص و محبت کا پیکر تھے کی یادوں کو دلوں میں بسائے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کی جانب سے ان کے ارکان خاندان خاص طور پر ان کی اہلیہ اور بچوں کو پرسہ اور اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ، ہندوستان اور بیرون ہند سے اظہار تعزیت کے سینکڑوں فون کالس جہاں موصول ہورہے ہیں وہیں ملک کی مختلف سیاسی قائدین ، وزراء ارکان پارلیمان ، ارکان اسمبلی مختلف ممالک کے سفراء انہیں خراج عقیدت پیش کرکے انکے ادھورے مشن کی تکمیل کے مشوروں سے نواز رہے ہیں ۔ چنانچہ مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف رام داس اٹھاولے نے مصروفیات کے باوجود آج دوپہر مرحوم جابر پٹیل کی قیام گاہ ریڈہلز پہونچ کر ان کے ارکان خاندان بشمول اہلیہ اور فرزندان محمد جاسر پٹیل ، جنت پٹیل اور دختر سلویٰ پٹیل سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا اور جابر پٹیل کو پر اثر خراج پیش کیا ۔ رام داس اٹھاولے نے کہا کہ وہ جابر پٹیل کو چھوٹے بھائی کی طرح مانتے اور وہ بھی ان کے ساتھ اسی محبت کے ساتھ رہا کرتے تھے ۔ انہوں نے جابر پٹیل کے ارکان خاندان سے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کا مکمل تعاون انہیں حاصل رہے گا ۔ دام داس اٹھاولے نے جابر پٹیل کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور جابر پٹیل امر ہے کے نعرے بلند کئے گئے ۔ اس موقع پر عتیق صدیقی ، دلاور پٹیل ، محمد انس عرفان ، ریپبلکن پارٹی گریٹر حیدرآباد صدر محمد سلمان عرفان ، محمد سیف ، سعد پٹیل ، مرزا ذکی اللہ بیگ و دیگر موجود تھے ۔۔