ہند و پاک کشیدگی کو کم کروانے میں پومپیو کا اہم رول : اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ

   

واشنگٹن۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ہفتہ ہند و پاک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے دہشت گرد حملہ کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کو شہید کردیا گیا جس کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے بھی جیش محمد کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا تھا جس کا ایک بار پھر جواب دیتے ہوئے پاکستان نے ہندوستان کا MiG-21 لڑاکا طیارہ مار گرایا تھا اور ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو گرفتار کرلیا تھا جسے بعدازاں ہندوستان کے حوالے کردیا گیا تھا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان رابرٹ پولاڈینو نے اپنی ہفتہ واری نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پومپیو نے سفارتی طور پر اس کشیدگی کو کم کرنے میں راست طور پر اہم رول ادا کیا اور ہم بھی ہند و پاک سے یہی کہنا چاہتے ہیں کہ وہ راست بات چیت کے ذریعہ کشیدگی کو نہ صرف کم کریں بلکہ ختم کردیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہند و پاک نے کوئی فوجی کارروائی کی تو اس سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ویتنام کے شہر ہنوئی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن ملاقات کے وقت پومپیو بھی موجود تھے جنہوں نے ٹیلیفون پر سفارتی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کشیدگی کو کم کروانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔