ہند ۔ ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشق کا آغاز

   

نئی دہلی: ہندوستان، ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشق ’دستلک-6‘ آج اوندھ میں غیر ملکی تربیتی مرکز میں شروع ہو گئی۔ یہ مشق 16 تا 28 اپریل جاری رہے گی۔ ہند ستانی دستے کی نمائندگی 60 اہلکاروں پر مشتمل جاٹ ریجمنٹ کی ایک بٹالین اورہند ستانی فضائیہ کر رہی ہے۔ ازبکستان کی طرف سے ازبک فوج کے اہلکار اس مشق میں شرکت کر رہے ہیں۔ مشترکہ مشق ’دستلک-6‘ ایک سالانہ تربیتی مشق ہے ، جو باری باری ہندوستان اور ازبکستان میں منعقد کی جاتی ہے ۔ پچھلی بار مشق اپریل 2024 ء میں ازبکستان کے تِرمز ضلع میں منعقد ہوئی تھی۔ اس مشق کا موضوع ’’نیم شہری منظر نامے میں مشترکہ کثیر جہتی غیر روایتی کارروائیاں ‘‘ ہے ۔ اس کا مقصد ایسے دہشت گردانہ حملے کے ردعمل کی مشق کرنا ہے ، جس میں کسی مخصوص علاقہ پر قبضہ کر لیا گیا ہو۔ اس کے تحت بٹالین کی سطح پر ایک مشترکہ آپریشنز سینٹر کا قیام، انسداد دہشت گردی کارروائیاں جیسے کہ آبادی پرکنٹرول، چھاپے ، تلاش اور نشانے کو تہس نہس کرنے کی کارروائیاں اور فضائی طاقت کے استعمال سے دہشت گردوں کا خاتمہ شامل ہے۔