ہند ۔ اسرائیل تعلقات قدیم:یوگی آدتیہ ناتھ

   

لکھنؤ26جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اسرائیل اور ہندوستان کے تعلقات بہت پرانے ہیں۔ دونوں ملکوں نے گذشتہ تین برسوں میں نئی بلندیوں کو سر کیا ہے ۔ یوگی نے اسرائیل کے سفیر ڈاکٹر ران ملکا سے ملاقات کے دوران لوک بھون میں مذکوہ خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کیا اور ان کے رشتے مضبوط ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش زراعت، پانی کے تحفظ، ریچارجنگ، پینے کے پانی کی سپلائی، واٹر ری سائیکلنگ، سینچائی، پولیس کی جدید کاری، فوڈ پروسیسنگ وغیرہ شعبوں میں اسرائیلی تجربے اور تکنیک کے استعمال سے کافی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے پانی کی سپلائی کے پائلٹ پروجیکٹ چلائے جائیں۔ انہوں نے پولیس کی جدیدکاری میں اسرائیل کے تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے کنٹرول روم اور کمانڈ سسٹم قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے اسرائیل کے سفیر ڈاکٹر ران ملکا کو زرعی انتظام، زرعی مارکیٹنگ، ڈفینس کوریڈور، سینچایئ اور فصل کا نظم، زیر زمین آب، ہنر کو فروغ، ڈیری، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، ایکسپریس ویز کی تعمیر میں شراکت داری کے لیے مدعو کیا۔ ان شعبوں میں اسرائیل کی تکنیک اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ان میں ہندوستان اور اسرائیل کی شراکت داری سے اترپردیش بڑے پیمانے پر مستفید ہو سکتا ہے ۔اس موقع پر اسرائیل کے سفیر نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے ۔ ان کا ملک ہندوستان کی ہرممکن مدد کرے گا۔ اسرائیل اترپردیش میں ایک ‘فلیگ شپ پروگرام’ چلانا چاہتا ہے ۔ اترپردیش کے مختلف شعبوں میں تکنیکی تعاون مہیا کروانے کے لیے ان کا ملک پابند عہد ہے ۔ اسرائیل ہندوستان کے ساتھ ہر طرح کی تکنیک اور تجربوں کو بانٹنے کے لیے تیار ہے ۔