ہند ۔ سعودی تعلقات کو پروان چڑھانے میں میڈیا کا اہم کردار

   

نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کی قونصل جنرل ہند متعینہ جدہ شاہد عالم سے ملاقات

حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) قونصل جنرل ہند متعینہ جدہ جناب شاہد عالم سے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ نے ملاقات کرکے سعودی عرب میں ہندستانی شہریوں کے حالات اور قونصل خانہ کی جانب سے ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ قونصل جنرل ہند جناب شاہدعالم نے نیوز ایڈیٹر سیاست کو قونصل خانہ کی جانب سے ہندستانی شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ہندستانی شہریوں کو درکار سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عصری ٹکنالوجی کا سہارا لیا جا رہاہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ تمام ہندستانی شہریوں کو درپیش مسائل کی عاجلانہ یکسوئی عمل میں لائی جائے۔ جناب عامر علی خان نے ہند۔سعودی عرب تعلقات میں استحکام کے متعلق استفسار کیا جس پر قونصل جنرل نے بتایا کہ ہند۔سعودی تعلقات کے استحکام میں دونوں ممالک کے عوام کے علاوہ ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے ۔انہوں نے صحافتی اداروں کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم ہندستانی شہریوں کے متعلق آگہی اور ان کے مسائل پر توجہ کو لائق ستائش قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں یہ مزید بلندیوں پر پہنچ جائیں گے۔جناب عامر علی خان نے ہندستان کو G20 صدارت اور آئندہ اجلاس کے ہندستان میں انعقاد پر تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ G20ممالک میں سعودی عرب کی موجوگی ہند۔سعودی تعلقات کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔نیوز ایڈیٹر سیاست نے قونصل جنرل ہندستانی شہریوں کے مسائل کے متعلق آگہی حاصل کی جس پر قونصل جنرل نے انہیں سعودی عرب میں برسر کار ہندستانی شہریوں کے مسائل کے متعلق زمینی حقائق سے واقف کروایا ۔ہندوستانی قونصل جنرل متعینہ جدہ جناب شاہد عالم سے ہوئی اس ملاقات کے موقع پر جناب سید محمد بلال کرائم رپورٹر سیاست ‘ جناب احمد خان بھی نیوز ایڈیٹر کے ہمراہ موجود تھے ۔م