ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال ختم

,

   

حیدرآباد۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال آج رات ختم ہوگئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہنمنت راؤ کو لیمو کا جوس پیش کیا جبکہ سابق رکن پارلیمنٹ ہرش کمار کو سابق صدر پی سی سی پنالہ لکشمیا نے جوس پلایا۔ ان دونوں قائدین نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی اجازت نہ دینے پر کے سی آر حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ صبح میں بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا تھا۔ ٹامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے جئے کمار اور سابق رکن پارلیمنٹ ہرش کمار کے علاوہ کئی دیگر قائدین نے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر اظہار یگانگت کیا۔ آر سی کنتیا نے کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو تنصیب سے روکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ڈکٹیٹرشپ کے انداز میں حکمرانی کررہے ہیں۔ جس دستور کے تحت تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا کے سی آر اسی دستور کے معمار کی توہین کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کو روکنا دراصل دلتوں کی توہین ہے۔ انہوں نے مجسمہ کی فوری تنصیب کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر کے جئے کمار نے یاد دلایا کہ اگر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دورِ حکومت میں ہائی کمان آنجہانی چیف منسٹر کو نہ روکتا تو آج ٹی آر ایس کا وجود نہ ہوتا۔