ہنگولی، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے

   

پربھنی؍ ناندیڑ ۔ 11 اپریل (یو این آئی) 11 اپریل کی صبح مرٹھواڑہ خطے کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے ، جس میں ہنگولی، پربھنی اور ناندیڑ شامل ہیں۔ یہ جھٹکے ہفتہ کو تقریباً 8:45 سے 8:46 بجے کے درمیان محسوس کیے گئے ، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے لوگوں میں تشویش کی صورتحال پیدا ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سب سے پہلے 8:45 بجے ہنگولی ضلع میں زلزلے کا احساس ہوا، جس کے فوراً بعد 8:46 بجے پربھنی اور ناندیڑ کے مختلف علاقوں میں بھی زمین ہلنے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلہ سے گھروں میں کھڑکیاں اور برتن ہلنے لگے ، جس سے شہریوں کو جھٹکوں کا اندازہ ہوا۔ ہنگولی کے شہر سمیت بسمت، اونڈھا اور کلم نوری تعلقہ میں جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے ۔ اسی طرح ناندیڑ کے بعض دیہی علاقوں میں بھی زمین ہلنے کی تصدیق کی گئی۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 درج کی گئی، جس کی پیمائش لاتور کے زلزلہ مرکز میں کی گئی۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ پربھنی ضلع انتظامیہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ہنگولی میں آنے والے جھٹکوں کے اثرات اس کے بعض علاقوں میں محسوس کیے گئے ۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف سے بچیں اور صرف مستند معلومات پر بھروسہ کریں۔ مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں سے اجتناب کیا جائے جبکہ آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ W/F