ہومیو پیتھی کے عالمی دن پر دو روزہ کانفرنس

   

نئی دہلی: سینٹرل کونسل آف ریسرچ ان ہومیوپیتھی،، نیشنل کمیشن فار ہومیوپیتھی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہومیوپیتھی کل ہومیوپیتھی ڈے کے موقع پر ایک خصوصی کانفرنس کا اہتمام کریں گے ۔آیوش کی وزارت نے جمعہ کو یہاں کہا کہ یہ تقریب 9 اور 10 اپریل کو عالمی یوم ہومیوپیتھی کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔ ہومیو پیتھی کے بانی ڈاکٹر کرسچن فریڈرک سیموئل ہانیمن کے یوم پیدائش پر عالمی یوم ہومیوپیتھی منایا جاتا ہے ۔ اس بار ان کا 267 واں یوم پیدائش ہے ۔ کانفرنس کا موضوع ‘‘ہومیوپیتھی: پیپلز چوائس فار ویل نیس (صحت کے لیے لوگوں کا انتخاب) ہے ۔مرکزی آیوش وزیر سربانند سونووال کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ اس موقع پر آیوش کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیندر بھائی منجپارہ بھی موجود رہیں گے ۔ کانفرنس کے شرکاء میں ہومیوپیتھی کے محققین، ہومیوپیتھی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سائنسدان، ہومیوپیتھی کے ڈاکٹرز، طلباء، کاروباری افراد اور مختلف ہومیوپیتھک ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل ہیں۔کانفرنس میں ہومیوپیتھی کے شعبے میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور ہومیوپیتھی کی ترقی کے لیے مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔