ہوڑہ ۔ نئی دہلی پوروا ایکسپریس پٹریوں سے اترگئی

,

   

۔15 مسافر زخمی ، 16 ٹرینیں منسوخ‘تحقیقات کا حکم جاری
کانپور۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہوڑہ۔ نئی دہلی پوروا ایکسپریس ہفتہ کے دن اترپردیش میں شہر کانپور کے قریب اپنی پٹریوں سے اتر گئی۔ یہ ٹرین نئی دہلی جارہی تھی لیکن یہاں سے 20 کیلومیٹر کے فاصلے پر روما ریلوے اسٹیشن کے قریب یہ واقعہ ہوا۔ اس حادثے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔ نارتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر راجیو چودھری نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ریلوے سیفٹی کے کمشنر اے کے جین اس واقعہ کی انکوائری کریں گے۔ یہ اسپیشل ٹرین 14 جون اور 900 مسافروں پر مشتمل تھی۔ ریلوے آفیسروں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ، پولیلس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اور دیگر سینئر عہدیدار مقام واردات پر پہنچ گئے اور لوگوں کو بچانے کی کارروائیوں کی نگرانی کرنے لگے۔ کانپور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پریم پرکاش نے کہا کہ پٹری سے اتر جانے والی اس ٹرین کے مسافروں کو بسوں کے ذریعہ کانپور اسٹیشن لایا گیا۔ حادثہ کو دہراتے ہوئے ایک مسافر نے کہا کہ ایک زوردار آواز ہوئی اور تمام مسافر اپنی سیٹوں سے نیچے گر پڑے۔ اس حادثے کے بعد تقریباً 28 ٹرینوں کا راستہ موڑ دیا گیا اور 16 ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا۔