ہیلتھ کیر کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت پرعزم

   

لوک نائک جے پرکاش ہاسپٹل کا وزیراعلی ریکھا گپتا کا اچانک دورہ، نرسنگ اسٹاف سے ملاقات

نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو کہا کہ ان کی حکومت صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کے ورک کلچر کو مزید بہتر بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ محترمہ گپتا نے لوک نائک جے پرکاش (ایل این جے پی) ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور نرسنگ اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کے بے لوث جذبہ خدمت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، “نرسنگ صرف ایک پیشہ نہیں، بلکہ انسانیت اور حساسیت کا عروج ہے ۔ ڈاکٹر اگر علاج کرتے ہیں تو نرسیں اپنی ممتا اور دیکھ بھال سے مریض کو نئی زندگی دیتی ہیں۔ مشکل حالات میں آپ کا صبر ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے ۔” انہوں نے ہسپتال میں کام کرنے والے مختلف ریاستوں (کیرالہ، راجستھان، پنجاب وغیرہ) کے نرسنگ اسٹاف سے خصوصی طور پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی عالمی معیار کی طبی خدمات کی کامیابی کے پیچھے ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے ان جانباز طبی عملے کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے بات چیت کے دوران بتایا کہ دہلی حکومت نے 27 سال کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے نرسنگ انٹرنز کے اسٹائپنڈ میں 27 گنا ریکارڈ اضافہ کیا ہے ۔ انہیں ملنے والی رقم 500 روپے سے بڑھا کر 13,150 کر دی گئی ہے ۔ اس فیصلے سے 180 نرسنگ انٹرنز کو بڑی راحت ملی ہے ۔ اسی سلسلے میں، طبی خدمات کی توسیع کے لیے حکومت نے 1,388 نرسنگ افسران اور 41 پیرامیڈیکل اسٹاف کو تقرر نامے بھی دیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ دہلی حکومت طبی عملے کے ورک کلچر کو مزید بہتر بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ مریضوں کی خدمت میں دن رات وقف رہنے والے نرسنگ اسٹاف کا احترام کرنا حکومت اور معاشرہ دونوں کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے تمام نرسوں کو نرسوں کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل، بہتر صحت اور مسلسل جذبہ خدمت کے لیے ان کا حوصلہ بڑھایا۔