ہیلمٹ کے بیلٹ لگائے بغیر گاڑی چلانے پر 1000 روپئے کا جرمانہ

   

آئی ایس آئی مارک کی ہیلمٹ نہ ہونے پر بھی ایک ہزار کا چالان ، دونوں خلاف ورزیوں پر تین ماہ تک لائسنس معطل
حیدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ہیلمٹ کے بغیر دوپہیوں کی گاڑی چلانے پر عائد ہونے والے جرمانہ سے سبھی واقف ہیں مگر اب ہیلمٹ پہن کر اس کا بیلٹ نہ لگانا مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔ نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ ٹووہیلر گاڑیاں چلانے والوں کیلئے ہیلمٹ لازمی ہے جس کی بڑے پیمانے پر مہم چلانے اور جرمانے عائد کرنے کے بعد عوام میں شعور بیدار ہوا ہے۔ لوگ ہیلمٹ تو لگارہے ہیں مگر اس کا بیلٹ نہیں لگارہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی ایس آئی مارک کے بغیر استعمال کئے جانے والے ہیلمٹ پر 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ سال یکم ؍ جون سے ہی بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) کی شناخت (آئی ایس آئی) کے بغیر ہیلمٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس تناظر میں نئے موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 194D کے مطابق ایک ہزار روپئے جرمانہ ہوگا۔ اس طرح کوئی آئی ایس آئی مارک پر مشتمل ہیلمٹ بھی استعمال کرتے ہیں اور اس کا بیلٹ لگائے بغیر گاڑی چلاتے ہیں تو 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کی قانون میں گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر وہیکل قانون کے سیکشن 129 کے مطابق ان دونوں خلاف ورزیوں پر تین ماہ تک لائسنس معطل کرنے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ن