ہیمنت سورین ایک دن کی عدالتی تحویل میں

,

   

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی ریمانڈ درخواست پر آج فیصلہ

رانچی: جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اورجھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے لیڈر ہیمنت سورین کو ای ڈی کے خصوصی جج دنیش رائے نے ایک دن کیلئے عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں انہیں عدالت سے ہی ہوٹوار جیل لے جایا گیا۔ ہیمنت سورین کی ریمانڈ پر فیصلہ کل یعنی 2 فروری کو سنایا جائے گا۔پی ایم ایل اے عدالت میں ہیمنت سورین کا موقف پیش کرتے ہوئے جھارکھنڈ کے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ یہ پریڈیکیٹ افینس نہیں جبکہ ای ڈی کے وکیل نے دلیل دی کہ آئی پی سی کی دفعہ 120 بی کے تحت کارروائی جاری ہے۔ اس لیے انہیں تحویل میں لینا ضروری ہے۔ یہ کارروائی شیڈول آف افینس میں آتا ہے۔ دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد کورٹ نے ہیمنت سورین کو ایک دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اسی کے ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ای ڈی کے ذریعے مانگی جانے والی ریمانڈ پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ہیمنت سورین کو جمعرات یکم فروری کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ای ڈی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت پہنچنے کے بعد احاطے میں موجود لوگوں کو دیکھ کر انہوں نے ہاتھ ہلایا۔ ہیمنت سورین کو ای ڈی نے زمین گھوٹالا معاملے میں 31 جنوری کی رات کو گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل ان سے تقریباً 8 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیمنت سورین ای ڈی کے سوالوں کو اطمینان بخش جواب نہیں دے پائے تھے جس کی وجہ سے ای ڈ ی نے انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری سے قبل ہیمنت سورین نے کہا کہ ان کو کام کرنے سے روکنے کے لیے سازش کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے، لیکن وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وہ شیبو سورین کے بیٹے ہیں۔ جب لوٹیں گے تو غریبوں، دلتوں، پچھڑوں، آدیواسیوں کو ان کا حق دلانے کے لیے مزید مضبوطی سے کام کریں گے۔ ان کا استحصال کرنے والوں کے خلاف اور جم کر لڑیں گے۔

ہیمنت سورین گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع‘آج سماعت

رانچی :جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر ہیمنت سورین کو کل انفورسمنٹ ڈائرکٹوریت نے طویل پوچھ تاچھ کے بعدگرفتار کر لیا تھا۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے جہاں درخواست پر کل جمعہ کو سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ جمعہ کو سماعت کیلئے راضی ہو گئی ہے۔آج جھارکھنڈ مکتی مورچہ لیڈر ہیمنت سورین کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش سینئر وکیل کپل سبل اور ابھشیک منو سنگھوی نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے درخواست واپس لے لیں گے۔واضح رہے کہ 31 جنوری کو ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد ازاں چہارشنبہ کی شب انھیں منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا اورای ڈی نے آج ٰ ہیمنت سورین کو منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) عدالت میں پیش کیا۔

سخت سیکورٹی کے درمیان ان کی عدالت میں پیشی ہوئی ہے اور ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی نے ہیمنت کو 10 دنوں کی حراست میں بھیجنے کی اپیل کی ہے۔