ہے جوانی تو عشق ہونا ہے کا ٹریلر جاری

   

ممبئی، 23 مئی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کی انتہائی متوقع رومانوی کامیڈی فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کا دلچسپ اور مزاح سے بھرپور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ یہ فلم معروف ہدایت کار ڈیوڈ دھون اور ان کے بیٹے ورون دھون کے درمیان چوتھی فلم ہے۔ اس سے قبل دونوں ’’میں تیرا ہیرو‘‘ (2014)، ’’جڑواں 2‘‘ (2017) اور’’قلی نمبر1‘‘ (2020) میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ فلم میں ورون دھون، مرنال ٹھاکر اور پوجا ہیگڑے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ معاون کاسٹ میں مونی رائے، چنکی پانڈے، منیش پال، جمی شیرگل، راکیش بیدی اور علی اصغر شامل ہیں۔ ڈیوڈ دھون نے کہا یہ میری46 ویں فلم ہے اور اپنے ناظرین کو تفریح فراہم کرنا آج بھی میرے لیے سب سے بڑی خوشی ہے۔ اس فلم میں مزاح، الجھن، موسیقی اور جذبات شامل ہیں۔فلم کے پروڈیوسر رمیش تورانی نے کہا ہے جوانی تو عشق ہونا ہے کے ذریعہ ہم ایک مکمل فیملی انٹرٹینر پیش کرنا چاہتے تھے، جس میں ہنسی، موسیقی، رومانس اور خاندانی تفریح سب کچھ شامل ہو۔ ہمیں یقین ہے کہ ناظرین فلم کی توانائی اور مزاح سے بھرپورکہانی کو پسند کریں گے۔ڈیوڈ دھون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو ٹپس فلمز لمیٹڈ نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ میکسمیلین فلمز (برطانیہ) اس کی شریک پروڈیوسر ہے۔ٹریلر کا آغاز ورون دھون اور مرنال ٹھاکرکے رومانوی مناظر سے ہوتا ہے، جہاں دونوں خوشگوار ازدواجی زندگی گزارتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم جلد ہی کہانی دلچسپ موڑ اختیارکر لیتی ہے اور دونوں طلاق کے لیے عدالت پہنچ جاتے ہیں۔فلم میں مرنال کا کردار ورون کی حد سے زیادہ محبت اور توجہ سے تنگ آچکا ہوتا ہے، جبکہ ورون باپ بننے کی شدید خواہش رکھتا ہے ۔ اسی دوران ان کی ملاقات پوجا ہیگڑے سے ہوتی ہے اور وہ ان سے بھی محبت کرنے لگتے ہیں۔کہانی میں مزاحیہ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب باپ بننے کا خواب دیکھنے والا ورون، مرنال اور پوجا دونوں کے بچوں کا باپ بن جاتا ہے، جس کے بعد فلم میں رشتوں، غلط فہمیوں اور مزاحیہ واقعات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ رواں برس 5 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔