یادادری ۔ بھدرا دری پراجکٹ ، اس ہفتہ عدالتی تحقیقات شروع ہونے کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : یادادری پاور پلانٹ کی عدالتی تحقیقات اس ہفتہ کسی بھی وقت شروع ہوسکتی ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ اس سلسلہ میں کمیشن قائم کیا گیا ہے اور یہ اس ہفتہ کام شروع کرے گا ۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ایل نرسمہا ریڈی ، جنہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں بھی بحیثیت جج خدمات انجام دی ہیں کی صدارت میں قائم کردہ یہ کمیشن یادادری اور بھدرا دری میں برقی پراجکٹس کی تعمیر اور چھتیس گڑھ سے برقی خریدی معاہدوں میں سابق کے سی آر حکومت کی جانب سے کی گئی مبینہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرے گا ۔ اس پراجکٹ کو بی آر ایس حکومت نے 30 ہزار کروڑ روپئے کے تخمینہ خرچے پر شروع کیا تھا ۔ یادادری تھرمل پاور پلانٹ جس کا افتتاح 2017 میں بی آر ایس حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا ہنوز مکمل نہیں ہوا ہے ۔ اس میں بھاری کرپشن کے باعث اس کی لاگت میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔۔