یاسین ملک کی سزا پر او آئی سی کا بیان ، ہندوستان کا شدید ردعمل

   

نئی دہلی :اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی عمر قید پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے۔او آئی سی کی تشویش پر ہندوستانی وزارت خارجہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس طرح کے لوگوں کی حمایت نہ کرے۔اوآئی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘یاسین ملک اہم ترین کشمیری لیڈر ہیں جو آزادی کی پْر امن جدوجہد کی قیادت کر رہے ہیں’۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیریوں کی حقیقی جدوجہدِ آزادی کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، ہندوستان سے تمام کشمیری قائدین کو رہا کرنے اور کشمیر میں مظالم فوراً بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دہلی کی ایک عدالت نے کشمیری حریت قائد یاسین ملک کو 19مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا اورعدالت نے عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ان پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔