یاقوت پورہ کے بستی دواخانے ڈاکٹرس اور ادویات سے محروم اسمبلی میں مجلسی رکن جعفر حسین معراج کی شکایت

   

حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) مجلس کے رکن جعفر حسین معراج نے بستی دواخانوں میں ڈاکٹرس اور ادویات کی کمی کی شکایت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پرانے شہر کے بستی دواخانوں میں ڈاکٹرس کے تقررات عمل میں لائے جائیں۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران جعفر حسین معراج نے یہ مسئلہ اُٹھایا۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈاکٹرس اور ادویات کی کمی کے نتیجہ میں بستی دواخانوں کا وجود بے معنی ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ طویل عرصہ سے ڈاکٹرس موجود نہیں ہیں اور غریب افراد جب دواخانوں سے رجوع ہوتے ہیں تو اُنھیں عام امراض کی ادویات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ سابق میں بستی دواخانوں میں بلڈ ٹسٹ کا انتظام تھا لیکن اب کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ ایس آر ٹی کالونی میں 50 بستروں کا دواخانہ منظور کیا گیا لیکن اراضی پر ہاؤزنگ بورڈ اور جی ایچ ایم سی میں تنازعہ کے سبب تعمیری کام شروع نہیں کیا جاسکا۔ اُنھوں نے کہاکہ جی ایچ ایم سی یا ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے این او سی کی اجرائی ضروری ہے تاکہ تعمیری کاموں کا آغاز ہو۔ اُنھوں نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سے اِس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی۔ وزیر صحت نے ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ 1