یروشلم : اسرائیل نے آج کہا کہ اس کی افواج نے حماس کے سربراہ یحیی شنوار کو غزہ میں ایک آپریشن میں شہید کردیا ہے ۔ حماس نے یحیی شنوار کی شہادت کی توثیق تاحال نہیں کی ہے ۔ اسرائیل کی یہ کارروائی حماس کیلئے ایک بڑا جھٹکا سمجھی جا رہی ہے ۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ایک بیان میں کہا کہ یحیی شنوار کو اسرائیلی فوجی سپاہیوں نے ختم کردیا ہے ۔ یہ سمجھا جا رہا تھا کہ یحیی شنوار اسرائیل پر 7 اکٹوبر کے حملوں کے ذمہ دار تھے ۔ اسرائیلی فوج نے بعد میں توثیق کی کہ ایک سال تک کی جدوجہد کے بعد اسرائیلی سپاہیوں نے یحیی شنوار کو ختم کردیا ہے ۔ یہ شہادت چہارشنبہ کو جنوبی غزہ پٹی کی ایک کارروائی میں ہوئی ہے ۔ اسرائیل کا الزام تھا کہ شنوار ہی 7 اکٹوبر کے حملوں کے ذمہ دار تھے جو اسرائیل کی تاریخ کے سب سے ہلاکت خیز حملے تھے اور غزہ جنگ کے بعد سے ان کی تلاش کی جا رہی تھی ۔ اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کے رفح علاقے میں کیے گئے فضائی حملے میں مشتبہ لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ مکمل تصدیق کیلئے اس ڈی این اے نمونے کو یورپی ملک بھیجا گیا ہے تاکہ مزید جانچ ہو سکے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ہی اسرائیل نے لبنان میں حملے کرتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو بھی شہید کردیا تھا ۔ اسرائیل کی جانب سے جہاں یحیی شنوار کی شہادت کا دعوی کیا جا رہا ہے وہیں حماس نے ابھی تک اس شہادت کی توثیق نہیں کی ہے ۔