یمنی فوج کی بمباری ، اہم کمانڈر سمیت 70 باغی ہلاک

   

باغیوں کی کئی گاڑیاں تباہ ، اسلحہ سے بھی محرومی
صنعا۔ 27 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن میں جمعہ کے روز آئینی حکومت کی وفادار فوج اور اس کی حمایت میں لڑنے والی عرب اتحادی فوج کی بمباری میں 70 ایران نواز حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔’العربیہ‘کے مطابق شمالی گورنری الضالع میں مریس کے مقام پر یمنی فوج کی ایک کارروائی میں 30 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔سرکاری فوج کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا اور سرکاری فوج کے درمیان شمالی محاذ مریس میں القہرہ کے مقام پر لڑائی میں 30 حوثی ہلاک ہوئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تصادم میں حوثیوں کا ایک فیلڈ کمانڈر المعروف ابو حمزہ بھی مارا گیا۔ادھر سرکاری فوج کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کی بمباری اور تھرمل میزائلوں سے الضالع گورنری میں یعس کے مقام پر حوثیوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 40 حوثی شدت پسند ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔ بمباری میں باغیوں کی کئی گاڑیاں اور اسلحہ بھی تباہ ہوگیا۔