یمن کیلئے سعودی عرب کی 60 ملین ڈالر کی امداد

   

ریاض ؍ صنعاء ۔ 2 اکٹوبر (ایجنسیز) یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو بجٹ سازی میں مدد کیلئے سعودی عرب نے 60 ملین ڈالر دیے ہیں۔ یہ بات یمن کیلئے سعودی سفیر محمد الجابر نے جمعرات کے روز بتائی ہے۔ الجابر نے کہا رقم سعودی عرب کے ڈویلپمنٹ اور ری کنسٹرکشن پروگرام کے تحت یمن کیلئے جاری کی گئی ہے۔ یہ رقم یمنی حکومت کی درخواست پر بھیجی گئی ہے۔ اس کی ہدایت سعودی قیادت نے جاری کی تھی۔اس رقم کے دیے جانے کا مقصد یمنی شہریوں کی قوت خرید بڑھانے اور حکومتی مالی بہاؤ کو جاری رکھنے میں مدد دینا ہے۔سعودی سفیر نے کہا کہ یمنی حوثیوں کے حالیہ حملوں کے نتیجہ میں ہمارے برادر ملک یمن کے لوگوں کے اثاثے تباہ ہوئے ہیں اور ان کے ذرائع آمدنی پر بھی اثر پڑا ہے۔ اس لیے یہ مدد بھیجنا ضروری ہو گیا تھا۔خیال رہے یمن کو سعودی حکومت مسلسل کئی برسوں سے امدادی سامان فراہم کر رہی ہے۔ کیونکہ پچھلے برسوں سے حوثی حملوں کی وجہ سے یمن مالی اعتبار سے کافی مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ ماہ فروری میں بھی سعودی عرب نے یمن کو 1.3 ارب ریال کی امدادی رقم دی تاکہ بجٹ خسارے کو کم کر کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔