صنعاء ؍ ریاض ۔ 30 اکٹوبر (ایجنسیز) یمن اور سعودی وزرائے خارجہ نے یمن میں جاری جنگی صورتحال کے بارے میں باہم تبادلہ خیال کیا ہے۔ جمعرات کو وزیرخارجہ یمن افراح الزوبہ نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو فون کر کے یہ تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے یمن میں شدت اختیار کردہ جنگی صورتحال کے بارے میں بتایا اور اس کے نتیجے میں پیدا شدہ بحران سے نمٹنے کیلئے انسانی بنیادوں پر کی جانے والی کوششوں سے اپڈیٹ کیا۔ میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے حملوں سے یمنی عوام کو درپیش مشکلات پر بھی بات چیت کی۔ نیز شہریوں کے تحفط کیلئے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے ساتھ جنگ میں غیر معمولی شدت آ چکی ہے۔ حوثی جنوبی صوبے تعز پر اپنے زیر قبضہ علاقوں کو قابو میں رکھنے کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ نیز سعودی اہداف کو بھی حوثی نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کیے ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ماہ اگست سے جاری جنگی صورتحال میں اب تک 281000 یمنی شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔