یوراج سنگھ کیلئے آئی پی ایل کے حالات مشکل

   

ابوظہبی ۔18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی کرکٹ سے سال رواں ہی دورہونے والے یوراج سنگھ کیلئے بری خبروں کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا ہے۔ جہاں آئی پی ایل 2020 کی نیلامی سے پہلے ممبئی انڈینس نے انہیں ٹیم سے باہر کردیا تو وہیں اب ان کا بلا بھی نہیں بول رہا ہے۔ ابو ظہبی میں شروع ہوئے ٹی 10 لیگ میں مراٹھا ٹیم کی جانب سے یوراج سنگھ نے کرئیر کا آغازکیا، لیکن اپنے پہلے ہی میچ میں وہ ناکام رہے۔ جبکہ دوسری جانب کیربیائی کھلاڑی آندرے رسل اور انگلینڈ کے ایان مورگن نے میدان پر تہلکہ مچادیا۔ مراٹھا اور ناردن واریئرس کے درمیان کھیلے گئے لیگ کے پہلے میچ میں واریئرس نے نو وکٹ سے جیت درج کی ، جس میں رسل کا کافی اہم رول رہا۔ وہیں اپنے پہلے ہی لیگ کے پہلے میچ میں یوراج چھ گیندوں پر صرف چھ رن ہی بناسکے۔ پہلے بیٹنگ کرنے کیلئے اتری مراٹھا ٹیم کا دوسرا وکٹ گرنے کے بعد یوراج سنگھ کریز پر آئے اور انہوں نے آتے ہی رسل کی گیند پر چوکا لگایا۔ اس کے بعد نوان پردیپ کی چارگیندوں میں وہ دو رن ہی بناسکے اور اوورکی آخری گیند پر کرس گرین کو کیچ تھما بیٹھے۔ مراٹھا کی ٹیم نے مقررہ اوورس میں چھ وکٹ کے نقصان پر 88 رنزبنائے۔ہدف کے تعاقب میں میدان پر اتری ناردن کی ٹیم کو بھی پہلا جھٹکا 12 رنز پر لگ گیا تھا ، لیکن اس کے بعد رسل اور جارج منسے نے شاندار شراکت داری کرکے ٹیم کو جیت دلادی۔