نیویارک: دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل دنیا بھر میں مختلف ثقافتی اور سماجی ایونٹس کے موقع پر دلچسپ ڈوڈلز تیار کرتا رہتا ہے، پاکستان کے یوم آزادی پر گوگل نے نیا ڈوڈل جاری کیا ہے۔عام طور پر ایک ڈوڈل کسی ملک کی ثقافت اور روایات کا عکاس ہوتا ہے اور اس بار گوگل نے پاکستان کے یوم آزادی پر دریائے سندھ کی ڈولفن کو اپنے ڈوڈل کا حصہ بنایا ہے جو بالخصوص پاکستان میں ہی پائی جاتی ہیں۔اس ڈولفن کو اردو اور سندھی زبان میں اندھی بھلن کہا جاتا ہے جو اب انتہائی نایاب ہو گئی ہیں۔اس کا شمار ان جانداروں میں ہوتا ہے جن کی نسل خطرے سے دوچار ہے اور ماحول کے بقا کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے کی ریڈ لسٹ میں بھی شامل ہے۔کہا جاتا ہے کہ یہ ڈولفن قدرتی طور پر اندھی ہوتی ہے اور پانی میں آواز کے سہارے راستہ تلاش کرتی ہے۔نایاب نسل کی نابینا ڈولفن اکثر دریائے سندھ سے راستہ بھول کر نہروں میں آنکلتی ہیں اور کبھی کبھار پھنس جاتی ہیں، اس صورت میں ان کو فوری طور پر نکال کر دریا میں واپس بھیجنا بہت ضروری ہوتا ہے ورنہ ان کی موت یقینی ہو جاتی ہے۔