یوم آزادی حیدرآباد تقاریب منانے کا مطالبہ

   

کے سی آر پر سرکاری سطح پر تقاریب منانے سے گریز کا الزام: کے لکشمن
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، (سیاست نیوز؍ پی ٹی آئی) بی جے پی نے (17 ستمبر کو ) ’ یوم آزادی ‘ حیدرآباد تقاریب منانے کیلئے اپنی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے آج ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جس میں ماہرین تعلیم، دانشوروں اور دوسروں نے حصہ لیا۔ سابق نظام شاہی ریاست حیدرآباد 17 ستمبر 1948 کو انڈین یونین میں ضم ہوئی تھی اور بی جے پی اس دن کو بطور یوم آزادی منانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے اس کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور کہا کہ اپنے مطالبہ کو قبول کروانے ریاستی ٹی آر ایس حکومت پر دباؤ میں شدت پیدا کرنے کے مقصد سے ایک ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے۔ لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ ایجی ٹیشن کے دوران یوم آزادی حیدرآباد تقاریب کے سرکاری طور پر انعقاد کا مطالبہ کیا تھا ۔ لکشمن نے دریافت کیا کہ آخر کیوں اب وہ اس سے دلچسپی نہیں رکھتے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ راؤ اپنے الفاظ سے کیوں پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ تلنگانہ کی عزت نفس سے تعلق رکھتا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ جنہیں جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد دوسرا مرد آہن کہا جارہا ہے اس سال 17 ستمبر کو یہاں منعقد شدنی جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔