چیف منسٹر کے سی آر حیدرآباد میں شرکت کریں گے، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی اضلاع میں شرکت کا مشورہ، ترقیاتی اسکیمات سے عوام کو واقف کرایا جائے
حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب 2 جون کو تمام اضلاع میں منائی جائیں گی اور ریاستی وزراء شرکت کریں گے۔ پرگتی بھون میں آج جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹر پر یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے بھی شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر ریاست کی ترقی کو عوام کے روبرو پیش کیا جائے ۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کی تقاریر ، ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر مبنی ہونی چاہئے ۔ ضلع کلکٹرس کو ضلع میں ہمہ جہتی ترقی کی تفصیلات کے ساتھ وزراء کی تقاریر تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شدید موسم گرما کے پیش نظر یوم تاسیس تقاریب کا صبح 9 بجے آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے دوپہر سے قبل پروگرام ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ شام میں حیدرآباد کے رویندرا بھارتی اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر کوی سمیلن کا اہتمام کرنے کی چیف منسٹر نے تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے شعراء اور ادیبوں کو تقاریب میں مدعو کیا جائے ۔ سابق کی طرح حیدرآباد کے پبلک گارڈن میں ریاستی سطح کی تقریب منعقد ہوگی جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شرکت کریں گے۔ کے سی آر نے یوم تاسیس تقاریب کے بڑے پیمانہ پر انعقاد کے علاوہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں دلت بندھو اسکیم پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 1500 دلت استفادہ کنندگان کا انتخاب کرتے ہوئے اسکیم پر عمل کیا جائے ۔ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے بعد اسکیم کی رقم کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری ہونی چاہئے۔ر