یونانی گریجویٹس کیلئے 17 مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کا نوٹیفیکیشن جاری

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کمشنر آیوش حکومت تلنگانہ کی جانب سے یونانی کی 17 مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیوں کے لیے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ۔ یہ 17 جائیدادیں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت پر کی جائے گی ۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 مئی 2022 مقرر کی گئی ہے اور درخواست گذاروں کی حد عمر عام زمرہ کے لیے 44 سال اور درج فہرست زمرہ کے لیے 49 سال مقرر کی گئی ہے ۔ اولڈ بوائز اسوسی ایشن نظامیہ طبی کالج کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید زین العابدین کے مطابق ان کی اسوسی ایشن حکومت تلنگانہ کے محکمہ آیوش کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کا خیر مقدم کرتی ہے اور بطور خاص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر محنت ہریش راؤ سے اظہار ممنونیت کرتی ہے کہ انہوں نے بیروزگار یونانی گریجویٹس کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے مثبت اقدامات کئے ہیں ۔ ڈاکٹر زین العابدین کے مطابق اولڈ بوائز اسوسی ایشن چیف منسٹر اور وزیر صحت سے اپیل کرتی ہے کہ عام زمرہ کی حد عمر کو 44 سال سے بڑھا کر 49 سال کیا جائے تاکہ ان یونانی گریجویٹس کو عوامی خدمت کا موقع ملے جن کی عمریں 44 سال سے تجاوز کر گئی ہیں ۔ دوسری جانب طب یونانی سے وابستہ بعض اہم شخصیتوں نے بتایا کہ یونانی کی بے شمار جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ یونانی ڈسپنسریز میں اطباء کی کمی ہے اس کے باوجود جتنی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ہونے چاہئے تھی وہ نہیں ہوپا رہی ہے ۔ گذشتہ 2007 میں نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا وہ بھی کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے کے لیے ، جن کی خدمات آج بھی مستقل نہیں ہوئی ۔ جب کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد آیورویدک اور ہیومیو پیتھی کے باقاعدہ تقررات ہوئے تاہم یونانی کو نظر انداز کردیا گیا ۔ اس معاملہ میں حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے اگر دیکھا جائے تو ریاست میں یونانی کی 60 سے زیادہ جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔۔