ایتھنز : یورپ میں کشتی ڈوبنے کے ایک بڑے سانحے میں یونان کے ساحل کے قریب سمندر میں کم از کم 79 پناہ گزین ڈوب گئے جبکہ مزید 100 سے زائد لاپتہ ہیں جن کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔روئٹرز کے مطابق یورپ کی ریسکیو سپورٹ چیریٹی نے کہا ہے کہ 30 میٹر لمبی کشتی پر 750 افراد سوار تھے جبکہ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین کے مطابق اندازا 400 افراد سمندر میں ڈوبے۔یونان میں حکام نے کہا ہے کہ ڈوبنے والے افراد کی کْل تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔یورپی یونین کے ملکوں میں داخلے کے لیے پناہ گزین یونان کے راستے کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ، ایشیا اور افریقہ سے پناہ گزین بہتر مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طور پر سمندر میں سفر کرتے ہوئے یونان کے ساحل تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ زیادہ تر افراد قریبی ملک ترکیہ کے ساحل سے یونانی جزیرے تک پہنچتے ہیں۔یونان میں گزشتہ قدامت پسند حکومت کے سخت اقدامات کے باعث اب پناہ گزینوں کی بڑی تعداد ایک طویل راستہ اختیار کرتے ہوئے ترکیہ سے یونان کے راستے اٹلی میں داخلے کی کوشش کرتے ہیں۔