یونیورسٹی آف حیدرآباد کو انڈیا ٹوڈے سروے میں دوسرا مقام

   

حیدرآباد۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کو انڈیا ٹوڈے کے ملک کی اعلی سرکاری جامعات کی ریٹنگ میں دوسرا نمبر حاصل ہوا ہے ۔ انڈیا ٹوڈے نے اپنے تازہ ترین شمارہ میں یہ فہرست بھی شائع کی ہے ۔ فہرست کے مطابق جواہر لال نہرو یونیورسٹی ملک میں نمبرا یک یونیورسٹی قرار دی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مارکٹنگ اینڈ ڈیولپمنٹ ریسرچ اسوسی ایٹس کی جانب سے کئے گئے سروے میں یونیورسٹی آف حیدرآباد کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ یہ سروے چار زمروں جنرل ‘ ٹکنیکل ‘ میڈیکل اور لیگل پہلووں سے کیا گیا ہے اور ان جامعات کا احاطہ کیا گیا تھا جو ان شعبہ جات میں پوسٹ گریجویٹ کورسیس کی تعلیم دیتے ہیں۔ ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے یونیورسٹی آف حیدرآباد نے کہا کہ انڈیا ٹوڈے بیسٹ یونیورسٹی سروے میں جملہ 955 یونیورسٹیز کی فہرست پیش کی گئی ہے ۔ اس سروے میں یونیورسٹی آف حیدرآباد کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی ملک میں سرفہرست قرار پائی ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر اپا راو پوڈیلے نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کو اس کے باوقار کام اور ریسرچ کیلئے تسلیم کیا جا رہا ہے ۔ 2017 میں یونیورسٹی کو پانچواں اور 2018 میں تیسرا مقام حاصل ہوا تھا ۔ 2019 میں دوسرا مقام حاصل ہوا تھا جو اس سال بھی برقرار ہے ۔