بنگلورو: بنگلور یونیورسٹی (بی یو) کے طلباء نے الزام لگایا ہے کہ برسراقتدار بی جے پی حکومت کیمپس کے اندرگنیش مندر کی تعمیر کی اجازت دے کر یونیورسٹی کیمپس کو بھگوا بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ طلباء تعمیر کے خلاف گزشتہ تین دنوں سے احتجاج کررہے ہیں۔اس معاملے نے اس وقت سنگین رخ اختیار کرلیا جب یونیورسٹی حکام نے احتجاج کرنے والے طلباء کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔بنگلور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جیاکارا شیٹی نے کہا ہے کہ مندر کی تعمیر کا فیصلہ ان کے دور میں نہیں لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پہلے کیا گیا تھا اور اب تعمیراتی کام شروع ہوچکا ہے۔ طلباء مندر کے معاملے پر احتجاج نہیں کر سکتے۔شیٹی نے طلباء کے احتجاج کے پس منظر میں مندر کے تعمیراتی کام کو روکنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم تعمیراتی کام جاری رہنے پر انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہکیا اور کام کو رکوایا۔طلباء اور تنظیموں بشمول نائجا ہوراٹاگارارا ویدیکے، پوسٹ گریجویشن اینڈ ریسرچ اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے یونیورسٹی کے عہدیداروں کوخبردارکیا ہے کہ اگر انہوں نے مندر کی تعمیر جاری رکھی تو وہ ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائیں گے۔ یونیورسٹی کی املاک کو بچانے کی کوشش کرنے پر ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنے سے طلبہ تنظیمیں بھی مشتعل ہوگئیں ہیں۔مشتعل طلباء کا الزام ہے کہ یہ کیمپس کو بھگوا بنانے اور برسراقتدار بی جے پی کے چھپے ہوئے ایجنڈے کونافذ کرنے کی کوشش ہے۔