یوٹیوب چیانلس پر پابندی کی تیاری ‘ مرکز کی مجوزہ قانون سازی

   

غیر ذمہ دارانہ رویہ اور سنسنی پھیلانے کی شکایات پر اقدام ۔ اکاؤنٹ بلاک کرنے کی گنجائش
حیدرآباد۔18 ۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک بھر میں غیر مسلمہ یوٹیوب چیانلس جو خبریں دکھا رہے ہیں ان پر قدغن لگانے کے اقدامات کا مرکزی حکومت سے آغاز کیا جائیگا اور جلد ہی سوشل میڈیا پر خبروں کے دور کا خاتمہ ہوسکتا ہے کیونکہ مرکز نے سوشل میڈیا پر خبروں اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کی شکایات کی بنیاد پر قانون سازی پر غور شروع کیا ہے تاکہ نام نہاد غیر مسلمہ صحافیوں کی سرگرمیوں کو روکا جاسکے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے جو منصوبہ تیار کیا اس کے مطابق سوشل میڈیا اور یو ٹیوب چیانلس پر پابندی عائد کی جائیگی اور جن سوشیل میڈیا و یوٹیوب چیانلس کے خلاف شکایات ملیں گی انہیں بلاک کردیا جائیگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ فرضی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے والو ںکے خلاف کاروائی میں مرکزی حکومت کے محکمہ اطلاعات و نشریات کی جانب سے شکایت کا پورٹل شروع کیا جائیگا تاکہ اس کے ذریعہ شکایت کا جائزہ لینے کے بعد ان کے اکاؤنٹ کو بلاک کرنے اور ان کے خلاف کاروائی کے اقدامات کئے جاسکیں۔مرکزی حکومت کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر خبروں کے متعلق شکایات کے بعد حکومت نے کوڈ آف ایتھکس تیار کئے ہیں اور ان کوڈ آف ایتھکس کی خلاف ورزی کے مرتکب چیانلس اور یوٹیوبرس کے خلاف قانونی کارروائی کی گنجائش بھی موجود ہے۔ سوشل میڈیا کے دور میں خود کو صحافی کے طور پر پیش کرکے بعض افراد من گھڑت خبریں چلاکر سنسنی پھیلانے کے مرتکب بن رہے ہیں ۔گذشتہ دنوں بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے نے توثیق کی تھی کہ مرکز یوٹیوب چیانلس اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا منصوبہ تیار کرچکا ہے سرکردہ صحافی جو یوٹیوب پر سرگرم ہیں حکومت کے منصوبہ پر خدشات رکھتے ہیں۔ م