یوپی میں 2027 ء سے قبل بی جے پی میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری

   

کابینہ میں توسیع اور مخلوعہ جائیدادوں پر جلد بھرتیاں، پارٹی کیلئے آخری بڑا موقع

لکھنؤ۔ 9 مئی (یو این آئی) مغربی بنگال میں نئی حکومت کے حلف لینے کے بعد اب بی جے پی کی مرکزی قیادت اتر پردیش پر فوکس کرنے جا رہی ہے ۔ ایسے میں 2027 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے یوپی بی جے پی میں بڑی سیاسی اور تنظیمی تبدیلیوں کی تیاری تیز ہو گئی ہے ۔درحقیقت پارٹی اور حکومت کی سطح پر ہونے والی یہ تبدیلیاں بی جے پی کے لیے سماجی اور علاقائی مساوات کو درست کرنے کا ایک اہم موقع تصور کی جا رہی ہیں۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق تنظیم میں ردوبدل، یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں کابینہ کی توسیع اور مختلف کمیشنوں، کارپوریشنوں اور بورڈوں میں خالی عہدوں پر بھرتیاں جلد ہو سکتی ہیں۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ 2027 کے انتخابات سے قبل یہ آخری بڑا موقع ہوگا جب مختلف ذاتوں اور علاقائی گروہوں کو متوازن طریقہ سے نمائندگی دی جا سکے گی۔بی جے پی کے ایک سینئر رکن پارلیمنٹ کے مطابق مغربی بنگال میں حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی مرکزی قیادت اتر پردیش کی طرف توجہ دے گی۔ تنظیمی تبدیلیوں، کابینہ میں توسیع اور مختلف کارپوریشنوں و بورڈوں میں تقرریوں کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تیاریاں پہلے ہی مکمل ہو چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت میں طویل عرصے سے منتظر کابینہ میں ردوبدل 10 سے 15 مئی کے درمیان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے ۔ تقریباً آدھا درجن لیڈروں کے نام ممکنہ کابینہ کی توسیع یا محکمہ جاتی تبدیلیوں کے حوالے سے زیر بحث ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ مرکزی قیادت ہی کرے گی۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ بی جے پی اس ردوبدل کو صرف انتظامی تبدیلی تک محدود نہیں رکھنا چاہتی، بلکہ اس کے ذریعہ ایک واضح سیاسی پیغام دینے کی بھی تیاری ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد بدلے ہوئے سیاسی حالات اور بی جے پی کے سماجی اتحاد کو درپیش چیلنجوں کے پیش نظر پارٹی مختلف ذاتوں کے گروہوں، علاقوں اور برادریوں کی نمائندگی کا نئے سرے سے جائزہ لے رہی ہے ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پارٹی خاص طور پر ان طبقات میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہے جہاں اسے حمایت میں کمی محسوس ہوئی ہے یا جہاں اپوزیشن اپنی سماجی رسائی بڑھانے میں مصروف ہے ۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دو خواتین کو کابینہ میں جگہ دیے جانے پر بات ہو رہی ہے ۔
ساتھ ہی برہمن، جاٹ، گوجر، کرمی، پاسی، پال اور والمیکی برادریوں کو جوڑنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔