ریلوے پولیس کی جانب سے ویڈیوکی جانچ کا حکم
گورکھپور: ریلوے پولیس نے ایک ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس ویڈیو میں ٹرین کے ایک کوچ کے کوریڈور میں لوگوں کو نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو ستیہ گرہ ایکسپریس (15273) کا ہے، جو کہ جمعرات کو کشی نگر کے کھڈا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے رکنے کے وقت شوٹ کیا گیا تھا۔ ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی تحریری شکایت درج کی گئی ہے لیکن ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ ویڈیو میں چار افراد کو راہداری میں نماز ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ایک سیٹ پر بیٹھا ایک شخص لوگوں کو ہاتھ کے اشارے سے انتظار کرنے کو کہہ رہا ہے۔سی پی آر او این ای آر نے کہا کہ ریلوے پولیس کو معاملے کی تحقیقات کیلئے کہا گیا ہے۔ ریلوے پولیس نے کہا کہ ٹرین کوریڈور میں نماز ادا کرنے کے بارے میں وائرل ویڈیو کی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ ویڈیو کی سچائی اور اس دعوے کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ یہ 20 اکتوبر کو شوٹنگ کی گئی تھی یا کوئی اور معاملہ تھا؟ اس وقت ٹرین کھڈا ریلوے اسٹیشن پر رکی تھی۔