یوکرین تنازعہ کے سفارتی حل کیلئے اتحاد پر زور

,

   

وزیراعظم مودی کا G-20 اجلاس سے خطاب ، متنازعہ امور سے گریز کا مشورہ

ایس ایم بلال
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے روس اور یوکرین تنازعہ کے پس منظر میں G-20 وزرائے خارجہ پر زور دیا کہ وہ متنازعہ امور سے گریز کریں جس سے G-20 ممالک میں اتفاق رائے نے رکاوٹ ہوگی۔ G-20 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ G-20 معاشی ترقی ، معاشی استحکام ، جرائم ، کرپشن ، دہشت گردی ، تغذیہ اور توانائی کے شعبوں میں درپیش چیلنجس کا موثر حل تلاش کرسکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے امور سے گریز کرنا چاہئے جن کے ذریعہ ہم متحدہ طور پر مسائل کی یکسوئی سے قاصر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بین الاقوامی سطح کے کشیدہ معاملات پر مباحث فطری ہیں۔ G-20 سمٹ کا تیسرے دن کا آغاز وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر سے ہوا جس کے بعد تغذیہ اور توانائی کے علاوہ دہشت گردی کے موضوعات پر دو علحدہ سیشن منعقد ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متنازعہ مسائل پر ہمارا اپنا موقف ہے اور اس بات کی کوشش کی جانی چاہئے کہ تنازعات کو کس طرح مشترکہ طور پر حل کیا جائے۔ ہندوستان دنیا کی ایک عظیم معیشت کے لحاظ سے اپنی ذمہ داری محسوس کرتا ہے کہ وہ رکن ممالک کے مسائل کی یکسوئی میں تعاون کریں۔ راشٹراپتی بھون میں منعقدہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں نشستوں کا اہتمام حروف تہجی کے اعتبار سے کیا گیا تھا۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ انتونی بلنکن کی نشست روس کے وزیر خارجہ سرگل لاروف سے 5 نشستوں کے فاصلہ پر تھی ۔ سعودی عرب اور میکسیکو کے وزرائے خارجہ کے درمیان روس کے سفارتکاروں کی نشستوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے G-20 کی صدارت کے بعد ایک زمین ، ایک خاندان ، ایک مستقبل کا نظریہ پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ چند برسوں کے تجربات کے تحت معاشی بحران ماحولیاتی تبدیلی ، وباؤں کا ظہور ، دہشت گردی اور دیگر عالمی مسائل کے معاملہ میں بعض ناکامیاں ہوئی ہیں۔ ہمیں ان ناکامیوں کو قبول کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے حق میں فیصلہ کرنا ہوگا۔ کئی ترقی پذیر ممالک معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور تغذیہ اور توانائی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہندوستان نے G-20 کی صدارت سنبھالنے کے بعد ماحولیاتی تحفظ کو عالمی طور پر پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس گاندھی اور بدھا کی سرزمین پر ہورہا ہے۔ میں دعاگو ہوں کہ آپ ہندوستان کی تہذیبی روایات سے متاثر ہوں گے جس کے تحت انتشار نہیں بلکہ اتحاد کا درس دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ معیشت ، ہیلت کیر ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبہ جات میں G-20 رکن ممالک کے باہمی اشتراک میں مدد ملے گی۔