لکھنؤ ؍ دبئی : حکومت اترپردیش نے آج کہاکہ اُس نے متحدہ عرب امارات میں قائم 6 کمپنیوں کے ساتھ 185.9 بلین روپئے (8.2 بلین درہم) مالیت کی سرمایہ کاری کے سلسلہ میں یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جو فروری میں لکھنؤ میں منعقد ہونے والی گلوبل انوسٹرس سمٹ سے قبل بڑا اقدام ہے۔ یو اے ای کی 3 فرمس لولو گروپ، شراف گروپ اور ہندوستان پورٹس ترتیب وار ریاست کی ریٹیل، ہوٹل اور لاجسٹکس پارکس کے شعبوں میں 45 بلین، 13 بلین اور 2.1 بلین روپئے کا سرمایہ مشغول کریں گی۔ اِن معاہدوں کے سبب زائداز 20 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ اِن کے علاوہ آستھا گرین انرجی وینچر اور شری سدھارتھ انفرا ٹیک اینڈ سروسیس بھی قابل لحاظ سرمایہ لگائے گا جس سے تقریباً 8 ہزار نوکریاں فراہم کی جاسکیں گی۔