یو پی الیکشن : چھٹویں مرحلے میں 55 فیصد رائے دہی

,

   

لکھنؤ: اترپردیش میں چھٹے مرحلے کے تحت 10اضلاع کی 57سیٹوں پر55فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس مرحلہ میں چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ ، کانگریس کے اجئے کمار للو ، سماج وادی پارٹی کے سوامی پرساد موریا کے بشمول کئی اہم قائدین کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق چھٹے مرحلے کے تحت 57اسمبلی سیٹوں پر پرامن طریقے سے ووٹنگ منعقد ہوئی۔ کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخوشگوار واقعات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔پرامن و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ووٹروں میں ووٹنگ کے لئے کا جوش دیکھا گیا ۔ کووڈ پروٹوکول کے تحت ووٹروں کو صرف ماسک پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت تھی۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشن پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکیننگ سمیت دیگر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔وہیں ضلع کشی نگر سے موصول اطلاع کے مطابق ضلع کی تمکوہی راج اسمبلی حلقے میں پکے پل کی تعمیر کے مطالبے کے ساتھ پپرا گھاٹ کے رنجیت ٹولہ ووٹنگ مرکز کے ووٹروں نے متفقہ طور سے ووٹنگ بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم تمکوہی راج سی ایم سونکر نے مقامی افراد کو تحریری تیقن دے کر ووٹنگ کے لئے تیار کیا۔تمکوہی راج تحصیل کے تحت بلاک ددہی علاقے کے گرام پنچایت تیواری پٹی واقع پرائمری اسکول پر ووٹنگ بوتھ نمبر 82پر ای وی ایم مشین خراب ہونے کی وجہ سے تقریبا ایک گھنٹے ووٹنگ متاثر رہی۔ اس مرحلے میں 2.14کروڑ رائے دہندگان 676امیدواروں کے انتخابی قسمت پر مہر ثبت کررہے ہیں۔اس مرحلے میں 66خاتون امیدوار بھی انتخابی میدان میں ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ان کے کابینہ کے 6وزراء کا وقار داؤ پر ہے ۔ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں ان 57سیٹوں میں سے46 پر بی جے پی نے جیت درج کی تھی۔ جبکہ بی ایس پی کو 4، ایس پی کو3 اور کانگریس، اپنا دل اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی) کو ایک ایک،جبکہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار نے جیت کا پرچم بلند کیا تھا۔