یو پی لیجسلیٹیو کونسل گیلیری میں ویر ساورکر کا پورٹریٹ

   

ہندوتوا نظریہ کے حامل شخص کی تصویر پر ہنگامہ ، اپوزیشن کا احتجاج
لکھنو : اترپردیش لیجسلیٹیو کونسل کی گیلیری میں ہندوتوا نظریہ کے حامل شخص ویر ساورکر کا پورٹریٹ آویزاں کیا گیا ہے جس پر اپوزیشن نے ہنگامہ کیا اور اعتراض کرتے ہوئے پورٹریٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس کے ایم ایل سی دیپک سنگھ نے پورٹریٹ ہٹانے کیلئے چیرمین کو مکتوب لکھا ہے ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اس پورٹریٹ کا افتتاح کیا گیا ۔ دیپک سنگھ نے کونسل چیرمین رمیش یادو کو مکتوب لکھتے ہوئے کہا کہ مجاہدین آزادی اور عظیم لیڈروں کی تصاویر کے ساتھ ساورکر کی تصویر لگانا توہین ہے ۔ مجاہدین آزادی نے برطانوی ظلم و زیادتیو ں کے خلاف جدوجہد کی تھی ۔ آزادی کیلئے لڑائی لڑنے والوں کو ہندو توا نظریہ کے لوگوں کے ساتھ جوڑنا ٹھیک نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویر ساورکر کی تصویر کو فوری ہٹانا چاہیئے اور اسے بی جے پی پارلیمانی آفس میں آویزاں کیا جائے ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سے پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف افراد میں یہ بحث چل رہی ہے کہ جدوجہد آزادی میں کس نے کتنا حصہ لیا ہے ۔ جن لوگوں کو مجاہد آزادی قرار دیا جاتاہے ان کا اکرام کیا جانا چاہیئے ۔