l ’’ اویسی صاحب آپ کو کسی بھی ریاست میں چناؤ نہیں لڑنا چاہئے ‘‘
l ’’ آپ اللہ کے واسطے ہمیں ہمارے حال پر چھوڑ دیجئے ‘‘
l ’’ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک کا مسلمان خوش رہے تو آپ خاموش ہوجائیے ‘‘
l ’’ آپ حیدرآباد میں اپنی سرکار بنانے کی کوشش کریں ‘‘
لکھنؤ۔26۔نومبر۔(سیاست نیوز) اترپردیش میں بہوجن سوراج سنکلپ مہا ریلی سے خطاب کے لئے بیرسٹراسدالدین اویسی کے لکھنؤ پہنچنے پر ان کا خیر مقدم لکھنؤ میں ہورڈنگس لگاتے ہوئے کیاگیا ۔ لکھنؤ کی اہم سڑکوں بالخصوص جلسہ گاہ کے مقام پر پہنچنے والے راستوں پر لگائے گئے ہورڈنگس پر بیرسٹر اسدالدین اویسی کے لئے مختلف پیامات تحریر کئے گئے تھے ۔ امت مسلم کی جانب سے لگائے گئے ان ہورڈنگس پر لکھا گیا تھا کہ ’’اویسی صاحب اگر آپ واقعی یہ چاہتے ہیں کی ہم لوگ خوش رہیں ‘ ترقی کریں تو آپ کو یہاں (یا کسی بھی ریاست میں)چناؤ نہیں لڑنا چاہئے ۔اللہ نے آپ کو اس دوران خوب نواز دیا ہے ‘ اب بس کریئے ‘‘اسی طرح ایک اور ہورڈنگ پر بیرسٹر اسدالدین اویسی کو اللہ کا واسطہ دیتے ہوئے پیغام دیا گیا ہے کہ ’’اویسی صاحب اللہ کے واسطہ آپ ہمیں ہمارے حال پر چھوڑ دیئے ‘جب تک آپ حیدرآباد میں تھے تب تک ہم خوش تھے ‘ہمارے دھارمک ستھل ( مذہبی مقامات) محفوظ تھے۔اسی سڑک پر لگائے گئے ایک اور ہورڈنگ پر تحریر تھا کہ ’’ اویسی صاحب آپ مسلمانوں پر رحم کریئے ‘اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک کا مسلمان خوش رہے ‘ ترقی کرے‘تو آپ خاموش ہوجائیے‘اور حیدرآباد میں اپنی سرکار بنانے کی کوشش کریں۔ ’ساماجک پریورتن مورچہ‘ کے تحت یوم آئین کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان ریلی میں پہنچنے کے راستوں پر لگائے گئے یہ ہورڈنگس ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی اس ریلی میں بڑی تعداد میں عوام موجود تھے ۔ بیرسٹراسدالدین اویسی نے ریلی سے خطاب کے دوران ان پر کی جانے والی تنقیدوں کا راست کوئی جواب نہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر مسلمانوں اور دلتوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھانا اشتعال انگیزی ہے تو وہ ضرور کریں گے۔ انہو ںنے کہا کہ وہ ملک بھر میں پچھڑے ہوئے اور پسماندہ طبقات کے ساتھ مسلمانوں کی نمائندگی میں اضافہ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران بی جے پی ‘ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو اپنی سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں اب مونچھ والا چیف منسٹر بنے گا۔ ریلی میں ان کے ساتھ شہ نشین پر سربراہ آزاد سماج پارٹی و رکن پارلیمنٹ حلقہ پارلیمان نگینہ چندر شیکھر آزاد (راون ) کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ ریلی کے دوران اس بات کا اعلان کیاگیا کہ ’ساماجک پریورتن مورچہ ‘ کا ڈپٹی چیف منسٹر مسلمان ہوگا۔ ساماجک پریورتن مورچہ کی تشکیل کے اعلان کے لئے کی گئی پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر اسدالدین اویسی نے چندر شیکھر آزاد (راون) کو ساماجک پریورتن مورچہ کے چیف منسٹر کے عہدہ کا امیدوار قرار دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اگر ان کا اتحاد اترپردیش میں اقتدار حاصل کرتا ہے تو چندر شیکھر آزاد (راون) چیف منسٹر ہوں گے۔لکھنؤ میں لگائے گئے ہورڈنگس اور بیانرس کے علاوہ دیواروں پر مخالف مورچہ پوسٹرس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ مقامی مسلمانوں کی جانب سے یہ پوسٹرس اور ہورڈنگس لگائے گئے ہیں۔3/a/b