مانسون کی آمد کے پیش نظر ہنگامی منصوبہ
حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مانسون کی آمد کے پیش نظر یکم جون تک تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کارپوریشن میں کامپرہینسیو روڈ مینٹننس پروگرام کے تحت 500 کیلو میٹر یا اس سے زائد پر اہم سڑکوں کی کھدائی اور کٹوتی پر پابندی عائد کی ہے۔ تمام سڑکوں کی کٹنگ سے متعلق تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ زیر زمین کیبل، برقی لائنس، واٹر لائن اور سیوریج پائپ لائن کے کاموں کی مانسون کے دوران انجام دہی سے گریز کریں۔ شہر میں مانسون کی آمد سے قبل تیاریوں کے تحت سپرنٹنڈنٹ انجینئرس، ایگزیکیٹو انجینئرس اور دیگر عہدیداروں کو سڑکوں کی جلد سے جلد مرمت کی ہدایت دی گئی۔ کارپوریشن نے کہا کہ اگر کوئی اہم کام زیر التواء ہیں تو انہیں مانسون کے بعد مکمل کیا جائے۔ بارش کے دوران عوام کو سڑکوں پر دشواریوں سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ کارپوریشن نے کہا کہ اگر ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا تو ایگزیکیٹو انجینئرس اور متعلقہ ایجنسیاں ذمہ دار ہوں گی۔ شہر میں غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں کے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میں 954 کروڑ سے 37 پراجکٹس کا آغاز کیا ہے جو مختلف مراحل میں ہے۔ر